ریاض،20فروری (آئی این ایس انڈیا)یمن کی فوج کے چیف آف اسٹاف لیفٹننٹ جنرل صغیر بن عزیز کا کہنا ہے کہ یمنی عوام فتح کے قریب ہے اور اس معرکے میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کو حتمی طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
الیمن سیٹلائٹ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معرکے میں حوثیوں کا حقیقی قائد بدنام زمانہ دہشت گرد حسن اِرلو (حوثی ملیشیا کی غیر تسلیم شدہ حکومت کے لیے ایران کا سفیر) ہے۔ بن عزیز کے مطابق حوثی ملیشیا یمن اور عرب دنیا میں ایران کے تخریبی منصوبے پر عمل درامد کے لیے محض ایک آلہ کار ہے۔
بن عزیز نے باور کرایا کہ یمنی فوج نے حوثی ملیشیا پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور فوج کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔
بن عزیز نے واضح کیا کہ "آج ہمارا معرکہ ایران نواز حوثی ملیشیا کے خلاف ہر یمنی کا معرکہ ہے، یہ ملیشیا یمنیوں کا عرب یمنی تشخص کچلنا چاہتی ہے"۔
یمنی فوج کے چیف آف اسٹاف نے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں یمنی قبائل سے مخاطب ہو کر کہا کہ "آپ لوگ حوثیوں ک خاطر یمن کی تباہی اور اپنے یمنی بھائیوں سے لڑائی میں شریک نہ ہوں، حوثی ملیشیا آپ کو اپنا غلام اور ایرانی منصوبے پر عمل درامد کا آلہ بنانا چاہتی ہے"۔